اسلام آباد : ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ طالبان وفد کی پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات ہوئی ، وزیرخارجہ نے افغان تاجروں اور مہاجرین کے لیے سہولتوں کی یقین دہانی کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دوحہ میں طالبان دفترکے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ طالبان وفد کی پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات ہوئی، وفد نے دونوں ممالک کے تعلقات، سیاسی امور، امن پر بھی بات کی۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور وفد نے اہم امور پر بات چیت کی اور وزیرخارجہ نے افغان تاجروں اور مہاجرین کے لیے سہولتوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے اسلام آباد میں پاکستان اورافغان طالبان کے وفد کے درمیان دفترخارجہ میں مذاکرات ہوئے تھے ، دونوں فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر سوا گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے، مذاکرات میں خطےکی صورتحال، افغان امن عمل اور باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پربھی اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: وزیرخارجہ اور افغان طالبان وفد کا افغان امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق، اعلامیہ جاری
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا پاکستان افغان امن عمل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتارہےگا جبکہ افغان طالبان نے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے، افغان امن کیلئے مذاکرات ہی مثبت اور واحد راستہ ہے، خواہش ہے فریقین مذاکرات کی جلد بحالی پر تیار ہو جائیں۔
دوسری جانب افغان امن عمل کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آبادمیں پہلے سے موجود ہیں، زلمےخلیل زاد گزشتہ روزچین سے پانچ رکنی وفد کے ساتھ پاکستان پہنچے تھے، طالبان کا وفد امریکی نمائندہ خصوصی سے بھی ملاقات کرے گا۔
خیال رہے افغانستان میں امن کے لئے امریکا اورافغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات دوحہ میں ہورہے تھے جو کچھ عرصے سے تعطل کا شکار ہیں، افغانستان میں حملے میں امریکی فوجی کی ہلاکت پر امریکی صدر نے مذاکرات معطل کردیئے تھے۔