خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں نے سکیورٹی اداروں کی پوسٹ پر حملہ کیا جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے جنڈولہ میں پوسٹ پر حملہ کیا جو پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا، ایک دہشتگرد نے خود کو گیٹ پر اڑا لیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
11 مارچ 2025 کو بلوچستان میں بولان پاس کے علاقے ڈھاڈر کے مقام پر بی ایل اے کے دہشتگردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 21 مسافر اور 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔
احمد شریف کے مطابق دہشتگردوں نے 21 مسافروں کو شہید کیا، مجموعی طور پر ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے، مرحلہ وار بوگیوں کو کلیئر کیا گیا اور تمام دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ آپریشن کامیاب ہوگیا یرغمالیوں میں سے کسی ایک کو نقصان نہیں پہنچا، کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی معصوم مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، جعفر ایکسپریس حملے کے بعد گیم کے رولز تبدیل ہوچکے ہیں، علاقے کی جانچ پڑتال جاری ہے، ٹرین کی جانچ بی ڈی ایس کررہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ٹرین مسافروں کی شہادتیں سکیورٹی فورسز کے آپریشن سے پہلے ہوئیں، انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ آپریشن کیا گیا، سب سے پہلے فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو واصل جہنم کیا۔