ممبئی: جنسی ہراسگی کے خلاف آواز اٹھانے والی بالی وڈ کی معروف اداکارہ تنوشری دتہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں چونکا دینے والے انکشافات کر ڈالے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تنوشری دتہ نے انٹرویو میں بتایا: ’مجھے جان سے مارنے کے لیے متعدد بار کوششیں کی گئیں۔ اجین میں میری گاڑی کا بریک کئی بار فیل کیا گیا جس باعث ٹریفک حادثہ پیش آیا اور ہڈیاں ٹوٹ گئیں‘۔
تنوشری دتہ نے بتایا کہ میرے گھر کے ملازم کو لالچ دے کر مجھے پانی کے ذریعے زہر دیا گیا جس کی وجہ سے طبیعت بگڑ گئی تھی، خوش قسمتی سے بروقت اسپتال پہنچ جانے کی وجہ سے جان بچ گئی۔
مزید پڑھیں: تنوشری دتہ کی زندگی کو خطرہ؛ اداکارہ نے ذمہ داروں کے نام بتا دیے
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کبھی کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار اداکار نانا پاٹیکر، ان کے وکیل، دوست اور بالی وڈ مافیا ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2018 میں تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر سمیت دیگر شخصیات پر ہراسانی کے الزامات لگائے تھے اور اس کے بعد ہی بھارت میں ’می ٹو‘ مہم شروع ہوئی تھی۔ نانا پاٹیکر نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا۔
دونوں کے درمیان طویل عرصے تک قانونی جنگ بھی جاری رہی۔ پولیس نے ایک سال تک تحقیق کرنے کے بعد جون 2019 میں کیس کو بند کر کے نانا پاٹیکر کو بے قصور قرار دیا تھا۔