تازہ ترین

بھارت میں کورونا نے غیرملکی سفارتکار کی جان لے لی

نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس سے تنزانیہ کے سفارتکار چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تنزایہ کے سفارتکار کی کورونا وائرس سے موت بھارت میں وبا کے دوران کسی بھی غیرملکی سفارتکار کی پہلی ہلاکت ہے۔

تنزانیہ کے ہائی کمیشن نے اپنے سفارتکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت میں تنزایہ کے ڈیفنس ایڈوائزر کرنل ڈاکٹر موسیس 28 اپریل کو کورونا سے انتقال کرگئے۔

تنزایہ کے ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر موسیس نئی دہلی کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

نئی دہلی میں موجود کئی غیر ملکی سفارتکار اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ اور فلپائن کے مشنز نے بھی انڈین یوتھ کانگریس سے آکسیجن کی مدد طلب کی تھی۔

بھارتی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ بھارت کی طرف سے ملک میں موجود سفارتی عملے کو ضروری طبی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں تنزانیہ کے سفارتکار کی کورونا سے ہلاکت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جن کی یومیہ تعداد 4 لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے جب کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہے۔

Comments

- Advertisement -