کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھادیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ بچہ زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس نے فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ نارتھ کراچی کے علاقے پیلا اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار پر فائرنگ ہوئی، فائرنگ کے نتیجے میں سلمان نامی شخص جاں بحق جبکہ دس سالہ بچہ زخمی ہوا بچےکو ایک گولی لگی، جس کی شناخت صبور کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پراپرٹی کاروبار میں لین دین کا تنازع: بروکر نے ایجنٹ کی گاڑی و موٹرسائیکل جلا ڈالی
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص محکمہ تعلیم سندھ میں ٹیچر تھا، جو اپنے بیٹے صبور کو اسکول سے لیکر گھر جارہا تھا کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، گاڑی پر 8 گولیاں چلائی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سلمان کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر ضروری شواہد اکھٹے کئے اور مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔