تازہ ترین

ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے ایران کے صوبے سیستان میں کی جانے والی کارروائی کے بارے میں بتایا ہے کہ مرگ بر سرمچار نامی کامیاب آپریشن میں فورسز نے ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے ایران کے اندر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان نے ڈرونز، راکٹ اور دیگر ہتھیاروں کا ذمہ داری سے استعمال کیا، اور بے گناہ جانوں کے نقصان سے بچاؤ کے لیے مکمل احتیاط برتی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا وہ بدنام زمانہ دوستہ عرف چیئرمین بجار عرف سوغات کے زیر استعمال تھے، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

خفیہ نشان دہی پر کیے گئے آپریشن کو’’مرگ بر سرمچار‘‘ کا نام دیا گیا تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے نمٹنے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے مسلح افواج ہر وقت تیار رہتی ہیں، مسلح افواج دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خلاف ہر وقت تیار ہیں اور پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام یقینی بنائیں گی۔

پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اور عوام کی حمایت سے دشمنوں کے ارادے خاک میں ملا دیں گے، کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ یقینی بنانے کا غیر متزلزل عزم ہے۔ آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی برادر ملک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ہی ڈائیلاگ معاملات کو آگے بڑھا سکتے ہیں، اور ہمسایہ برادر ممالک بات چیت اور سمجھ داری سے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -