اسلام آباد: برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی سہولت کے لیے 17 ارب 67 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ تجارت کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی سہولت کے لیے 17 ارب 67 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔
وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ٹیکسٹائل ویلیو چَین کو ہر ممکن سہولت دی ہے، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوا، برآمد کنندگان کے لیے ریفنڈ اجرا کے بعد دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں آسانی ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، موجودہ حکومت زیر التوا واجبات کی ادائیگی کر رہی ہے، 2009-11 کی ڈی ایل ٹی ایل اسکیم کی مد میں 4 ارب 68 کروڑ واجب الادا ہیں جب کہ 2016-17 کی اسکیم کی مد میں 30 کروڑ سے زائد واجبات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر کا ایک اور اقدام
خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا تھا کہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر دستیاب نان کسٹم پیڈ اشیا کی تیز سیٹلمنٹ پر کام کر رہا ہے جس کی تفصیلات آیندہ ہفتے جاری کی جائیں گی۔
اس سے قبل شفافیت اور کاروباری آسانی مزید بہتر بنانے کے لیے ایف بی آر نے کسٹمز رولنگز اپنی ویب سائٹ پر دستیاب کر دی تھیں، انھوں نے کہا تھا کہ ریفنڈ کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، خود کار نظام کے تحت ریفنڈ کے 25 ارب کے کلیمز 5 ماہ میں آئے۔