کراچی : اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بائیس اکتوبر تک توسیع کردی جبکہ سابق وزیر مخدوم امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
اینٹی کرپشن کورٹ ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی درخواست ضمانت 22 اکتوبر تک توسیع کردی ، جبکہ سابق وزیر مخدوم امین فہیم کے وارنٹ گرفتار ی جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔
ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران تحققیقاتی افسر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 22 اکتوبر تک توسیع کردی گئی، یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں کرپشن کے الزامات ہیں، آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ سے متعلق دلائل بھی دیے جائیں گے .
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ این اے 144 میں آزاد امیدوار کی کامیابی سیاسی جماعتوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، ہم پر کیے جانے والے تمام مقدمات سیاسی ہیں، لیکن ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں آئندہ جب بھی عدالت نے طلب کیا پیش ہوں گے ۔
یوسف رضا گیلانی کاکہنا تھا کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمنٹ میں آنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کو دوبارہ منظم کیا جارہا ہے.