اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان خصوصی طیارے پر گوجرانوالہ جلسے کیلئے روانہ ہوئے، اڑان کے فوری بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارےکے کپتان نے کنٹرول ٹاورسےرابطہ کرکے بحفاطت لینڈنگ کی، جس کے بعد عمران خان گوجرانوالہ جلسےمیں شرکت کےلیےبذریعہ روڈ روانہ ہوئے۔
پاکستان تحریک انصاف نے آج پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں سیاسی پنڈال سجا رکھا ہے، چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کرینگے۔
اس سے قبل عمران خان کو گوجرانوالہ بار کونسل سے بھی خطاب کرنا تھا۔
اس سے قبل رواں سال سترہ اپریل کو بھی سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو کراچی لانے والا نجی کمپنی کا طیارہ کراچی پہنچ کر فنی خرابی کا شکار ہوگیا تھا جس کے بعد عمران خان متبادل طیارے سے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔