10 C
Dublin
پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

تل ابیب سے آنے والی پرواز میں کوئی اسرائیلی تو نہیں، داغستان ایئرپورٹ پر ہجوم کا دھاوا

اشتہار

حیرت انگیز

مخاچ قلعہ: روسی علاقے داغستان کے شہر مخاچ قلعہ کے ایئرپورٹ پر اس وقت برہم ہجوم نے دھاوا بول دیا جب انھیں یہ اطلاع ملی کہ اسرائیلی شہر تل ابیب سے وہاں ایک پرواز پہنچی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق داغستان کے مرکزی ایئرپورٹ پر سیکڑوں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھاوا بولا، غزہ میں جاری جنگ کے اس نازک موقع پر وہاں تل ابیب سے ایک پرواز کی آمد پر لوگ مشتعل ہو گئے تھے۔

اتوار کے روز ہجوم نے مخاچ قلعہ ایئرپورٹ پر سیکورٹی کو توڑا اور رن وے تک پہنچ گئے، فلسطینی پرچم لیے لوگ اسرائیلیوں کی تلاش کرتے رہے کہ کہیں تل ابیب سے آنے والی پرواز میں کوئی اسرائیلی تو نہیں۔

- Advertisement -

دھاوا بولنے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر بھگدڑ مچنے اور پولیس کے ساتھ تصادم میں 20 افراد زخمی ہو گئے، حکام نے اس واقعے کی وجہ سے ہوائی اڈے کو بند کر دیا اور پروازوں کا رخ موڑ دیا، بعد ازاں ہجوم کو سیکورٹی فورسز نے ہٹا دیا۔

مقامی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ طیارے کا تعلق روسی کیریئر ریڈ ونگز سے تھا۔ سوشل میڈیا فوٹیج میں خوف زدہ مسافروں کو دکھایا گیا ہے کہ وہ مخاچ قلعہ ہوائی اڈے کے رن وے پر ہنگامہ آرائی کے درمیان جہاز میں دوبارہ داخل ہونے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔

ویڈیوز میں احتجاجی ہجوم کو شیشے کے دروازے توڑتے اور ایئرپورٹ میں دوڑتے بھی دکھایا گیا ہے، کچھ یہودی مخالف نعرے لگا رہے تھے، کچھ افراد کو فلسطینی جھنڈے لہراتے ہوئے اور کچھ کو آنے والے مسافروں کے پاسپورٹ چیک کرتے دیکھا گیا۔

روسی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 150 سے زیادہ افراد کی نشان دہی کر لی گئی ہے، جن میں سے 60 کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ہجوم کے ساتھ جھڑپوں میں 9 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں