بھارت میں تلنگانہ کے بھونگیر ضلع میں تیز رفتار کار نہر میں گرنے کے سبب 5 نوجوان موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حیدرآباد سے بھودان پوچم پلی کی طرف جانے والی ایک کار جلال پورم کے قریب تیز رفتاری کی وجہ سے قابو سے باہر ہو کر تالاب میں گر گئی۔
رپورٹس کے مطابق حادثے میں پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک نوجوان زندہ بچنے میں کامیاب ہوگیا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں حیدرآباد کے رہائشی ہرش، دنیش، وامشی، بالو اور ونئے شامل ہیں، مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کا جائزہ لیا اور جے سی بی کی مدد سے لاشوں کو تالاب سے نکالا۔
پولیس نے مرنے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کردیا جبکہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی بھارت میں رواں ماہ کار اور بس کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایم بی بی ایس کے 5 طالب علم جان کی بازی ہار گئے تھے، حادثہ تیز بارش اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔
بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع الاپوژا میں کار اور مسافر بس کے درمیان تصادم میں ایم بی بی ایس سال اوّل کے پانچ طلباء کی موت واقع ہوگئی تھی۔
مسافر طیارے میں ایئر ہوسٹس سے بد تمیزی، مسافر کو کیا سزا ملی؟
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 15 مسافر اور کار میں 6 طالب علم سوار تھے، جن میں سے 6 افراد زخمی بھی ہوئے، ہلاک ہونے والے تمام طلباء کی عمریں 19 سال تھیں۔