کراچی :محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں کل سے سرد اور تیز ہواؤں کا آغاز متوقع ہے، جس سےدرجہ حرارت دس ڈگری تک گر سکتا ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم مزید سرد ہونے کی پیش گوئی کردی ہے اور کہا بدھ سے سرد اور تیزہواؤں کا آغاز متوقع ہے، شمال مشرق سے چلتی ہوائیں سردی بڑھائیں گی اور درجہ حرارت دس ڈگری سینٹی گری تک گرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے شروع ہونے والی سردی کی نئی لہر 3 دن رہےگی۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ہے جبکہ آج کم سےکم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے، آج اورکل بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد اوربالائی سندھ میں برکھا رنگ جمائے گی۔
کوئٹہ، مکران، گوادر، تربت، جیوانی اور دالبدین سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جس سے شہری ٹھٹھر کر رہ گئے۔
اسکردو میں پارہ منفی گیارہ ،کالام منفی سات،استور منفی پانچ ،ہنزہ، مالم جبہ منفی تین ،مری منفی دو اور گلگت میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم مکران، کوئٹہ، مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا: میرکھانی10، چترال05، کالام03، دیر، دروش02، بلوچستان: جیوانی07، کوئٹہ 06، گوادر 01، گلگت بلتستان: بگروٹ 05 ، اسکردو 02، ہنزہ، گلگت01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔