The news is by your side.

Advertisement

شین وارن نے موت سے قبل سچن ٹنڈولکر سے کیا کہا؟

سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے آسٹریلوی کرکٹر شین وارن کی موت سے قبل ہونے والی گفتگو سے متعلق بتادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے برائن لارا کے ساتھ یوٹیوب چینل پر گفتگو کی اور اس دوران شین وارن کی موت سے قبل ہونے والی گفتگو سے متعلق اظہار خیال کیا۔

سچن ٹنڈولکر کہا کہ ’2021 میں آئی پی ایل کے اختتام پر وہ کچھ وقت لندن میں گزارنے چلے گئے تھے، وہاں اُن کی اور شین وارن کی ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے ایک ساتھ گالف کھیلنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’شین وارن کے ساتھ وقت گزارنے میں بہت مزہ آتا تھا، شین وارن جب آس پاس ہوتے تھے تو ایک بھی لمحہ سنجیدہ نہیں گزرتا تھا، شین وارن کی حسِ مزاح بہت اچھی تھی، وہ صرف ایک اسپنر بالر نہیں بلکہ قدرتی طور پر سوئنگ کے بھی ماہر تھے۔‘

سچن ٹنڈولکر کا بتانا تھا کہ ’وہ گالف کے اچھے کھلاڑی تھے، اُنہیں شین وارن کے لیے ’تھے‘ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے اچھا نہیں لگ رہا مگر جو بھی ہوا ہمیں اُسے قبول کرنا ہوگا، وہ ہمیشہ ہمارے دلوں زندہ رہیں گے۔‘

مزید پڑھیں: شین وارن کی آخری رسومات ادا، کئی بڑے کھلاڑی شریک

شین وارن سے ہونے والی آخری بات چیت سے متعلق سچن کا کہنا تھا کہ ’شین سے لندن میں ملاقات کا بہت مزہ آیا تھا، مجھے یاد ہے کہ میں نے اُنہیں آخری میسج موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہونے پر کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے شین وارن سے اُن کی خیریت دریافت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ سب ٹھیک ہے ناں؟ امید ہے آپ ٹھیک ہوں گے،‘ اس پر شین وارن کا جواب میں کہنا تھا کہ ’ انہوں نے گھومنے پھرنے کی غرض سے موٹر سائیکل باہر نکالی تھی اور وہ پھسل گئی، میں زخمی ہو گیا لیکن مجھے ٹھیک ہونا چاہیے تھا۔‘

سچن نے بتایا کہ اس پر میں شین وارن کو جواب دیا تھا کہ ’آپ اپنی گیند کو تو جیسے چاہے گھما سکتے ہیں مگر بائیک کو گھمانے کا خیال اچھا نہیں ہے میرے دوست۔‘

واضح رہے کہ لیجنڈ آسٹریلوی کرکٹر شین وارن 52 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، ان کے انتقال پر دنیا بھر سے کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں