بھارت کے دارلحکومت دہلی میں ایک اسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 7 نومولود جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشرقی عہلی کے وویک وہار علاقے میں پیش آیا جہاں بچوں کے ایک اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے نتیجے میں سات نومولود جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق آگ لگتے ہی تیزی سے پھیلنے لگی۔ عمارت کی پہلی منزل پر 12 نوزائیدہ بچے موجود تھے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے سات بچے ہلاک ہو گئے جب کہ پانچ کا علاج جاری ہے۔
رات گئے لگنے والی آگ کی اطلاع پر کئی فائر ٹینڈرز وہاں پہنچے اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ ڈی ایف ایس کے سربراہ اتل گرگ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس نے اسپتال کے عملے سے حادثے کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اسپتال کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بچوں کے اسپتال میں لگنے والی آگ کو ’دل دہلا دینے والی‘ قرار دیا اور اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی اس لاپروائی کا ذمے دار ہے، اسے بخشا نہیں جائے گا۔