پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے متعلق ناقابل تردید شواہد ایک بار پھر منظر عام پر آگئے۔
تفصیلات کے مطابق عبوری حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن گیا، فتنہ الخوارج کے نورولی، مزاحم کا افغانستان میں رہائش کیلئے سرکاری اسپیشل پرمٹ سامنے آگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج کے سرغنہ نورولی محسود کو گاڑی اور اسلحہ سمیت سرکاری کارڈ جاری کیا گیا، مفتی مزاحم کو جاری پرمٹ کابل اور افغانستان کے جنوب مشرقی علاقوں کیلئے ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرمٹ کا مقصد خوارج کی افغانستان میں اسلحہ کے ساتھ آزادانہ نقل وحرکت ہے، دستاویزات سے ثابت ہے، افغان حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری کررہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی سینئر قیادت، تربیتی مراکز افغانستان میں ہیں، پاکستان نے متعدد بار افغان عبوری حکومت کو فتنہ الخوارج کی موجودگی کے شواہد فراہم کئے۔