کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز کی گاڑی پر بم دھماکے کے واقعے میں خود دہشت گرد کے بھی زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کراچی میں رینجرز پر حملے کے واقعے کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، تحقیقاتی اداروں نے حملے کی مزید اہم فوٹیجز حاصل کر لیں۔
دھماکے میں موٹر سائیکل لانے والا دہشت گرد بھی زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نے روڈ کی دوسری جانب جا کر ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جب دھماکا ہوا تو اس کے نتیجے میں دہشت گرد کے سر پر بھی معمولی زخم آئے، زخمی ہونے کے بعد دہشت گرد نے ایک راہ گیر سے لفٹ مانگی تھی۔
کراچی: رینجرز پر حملے کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی
زخمی دہشت گرد کو لفٹ دینے والے شہری نے تحقیقاتی اداروں کو بیان دیا کہ دہشت گرد نے مجھے کہا دھماکے میں زخمی ہوا ہوں، کچھ آگے چھوڑ دو، تھوڑا آگے جا کر دہشت گرد موٹر سائیکل سے اتر گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سے اترنے کے بعد دہشت گرد ایک بلڈنگ میں گیا تھا، دوسری طرف شہری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پشتون لہجے میں بات کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ 15 مارچ کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں 2 رینجرز اہل کار جاں بحق جب کہ 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔