جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

غیرملکی ایجنسیاں دہشتگردوں کی مدد کررہی ہیں، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پیچیدہ جدوجہد ہے جس میں دشمن کو منظم اور موثر جواب دیا جانا چاہیے، شرپسند عناصر کو کچل کر ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی ۔

ماہانہ کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال ،افغانستان میں مفاہماتی عمل سمیت پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکورٹی کے معاملات زیرغور آئے۔ اجلاس میں آپریشن سے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرکے آنے والے متاثرین کی باعزت اور باوقار واپسی اور بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔

آرمی چیف نے ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر اور بحالی نو کے عمل میں تما م وسائل بروئے کار لائے جائیں، جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ پیچیدہ جدوجہد ہے جس میں منظم اور موثر جواب دیا جانا چاہیے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ملک دشمن اور غیر ملکی ایجنسیاں دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہی ہیں اور ملک کے اندران کے ہمدرد انہیں پناگاہیں فراہم کررہے ہیں تاہم ان شرپسند عناصر کو کچل کر ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی اور پاکستان کے اندر دیرپا امن یقینی بنایا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں