دبئی: ٹیسٹ کرکٹ میں اور ایک بڑی تبدیلی لانے کی تیاریاں کرلی گئیں، وائٹ کٹ پر نام اور نمبرز درج کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کی شرٹس کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی کھلاڑیوں کی شرٹس پر نام اور نمبرز لکھے جائیں گے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تبدیلی زیر غور ہے، نمبرز کی ایشز میں پہلی بار آزمائش ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق کھلاڑی اب مخصوص نمبرز سے بھی پہچانے جائیں گے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شرٹس پر سر نیم اور نمبرز لکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ رواں سال جولائی میں شروع ہوگی، کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلی کی تجویز کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹاپ 9 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، تمام ٹیمیں چھ سیریز پر مشتمل میچز کھیلیں گی جن کا انعقاد ملک و بیرون ملک میں ہوگا، چیمپئن شپ دو سال پر محیط ہوگی۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اپریل 2021 میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ کٹ پر پہلے سے نمبرز کا استعمال ہورہا ہے۔