اسلام آباد : مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ برآمد کنندگان کو مالی وسائل کی فراہمی سے متعلق مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا، حکومت برآمدات کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور مشیر کامرس و ٹیکسٹائل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وفد کی جانب سے جولائی اور اگست کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کلیمز پرانے نظام کے تحت ادا کرنے کا مطالبہ تسلیم کیا گیا۔
اس کے علاوہ سیلزٹیکس ریفنڈزکی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے دو ہفتوں میں فارم پرترمیم کا وعدہ بھی کیا گیا۔
عبدالحفیظ شیخ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ایکسپورٹرز کے دو ارب کے واجب الادا سیلزٹیکس ریفنڈز ادا کرے، حکومت سیلزٹیکس ریفنڈز روکنےکے بجائےبرآمدات کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔
مشیرخزانہ نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے وفد کو یقین دلایا کہ برآمدکندگان کومالی وسائل کی فراہمی سے متعلق مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا اور ٹیکس ریفنڈز کے حوالے سے درپیش مشکلات بھی جلد دور کی جائیں گی۔