لاہور: کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ میں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل نے کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے، انھوں نے اپنی اچھی کرکٹ کی امید بھی ظاہر کی اور کہا کہ ماضی میں جو ہوا، اسے بھلا کر آگے کی سوچ رہا ہوں۔
وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ کرکٹ میں واپسی کے بعد میری ڈومیسٹک پرفارمنس پر منحصر ہے، کہ سلیکٹرز کیا فیصلہ کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی میں ایک ویڈیو پیغام میں عمر اکمل نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی غلطی کو تسلیم کیا تھا، اور کہا میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، میں اپنی فیملی، پی سی بی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔
میچ فکسنگ کی پیش کش کو رپورٹ نہ کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کے خلاف کارروائی کی تھی، عمر اکمل کو 3 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تاہم انڈیپنڈنٹ ایڈجیوڈکیٹر نے اسے 18 ماہ کر دیا، بعد میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ان کی اپیل پر اس میں مزید 6 ماہ کی کمی کی۔
4 اگست کو پی سی بی نے ری ہیب پروگرام کے تحت وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔