اسلام آباد : پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سالہا سال کی محنت کے بعد تھرکول سے بجلی کی پیداوار بڑی کامیابی ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر تین سو تین میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر لی گئی ہے جبکہ ایک مہینے کے اندر پیداوار میں مزید اضافہ ہو جائے گا ۔
اڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہاکہ اس سلسلہ کو جاری رکھنے سے درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم ہوتا چلا جائے گا اور ملک کو کم از کم چھ ارب ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی،۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار تھر کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں اور اس ضمن میں بھاری سرمایہ کاری کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تھر میں موجود کوئلے کے175ارب ٹن کے ذخائر سے توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم کر کے جی ڈی پی شرح میں چار فیصد اضافہ ممکن ہے جبکہ بجلی کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے، جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔