اسلام آباد : احتساب عدالت کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی غیر قانونی ٹھیکوں سےمتعلق نیب ریفرنس میں 4اگست کو سابق صدر آصف علی زرداری پرفرد جرم عائد ہوگی، آصف زرداری گھر میں ہوں یا اسپتال ویڈیولنک کا انتظام کریں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی غیر قانونی ٹھیکوں سےمتعلق نیب ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم کے لیے رجسٹرار احتساب عدالت کراچی کو خط لکھ دیا۔
جس میں کہا ہے کہ آصف زرداری گھر میں ہوں یا اسپتال، ویڈیولنک کا انتظام کریں جبکہ آصف زرداری کی شناخت کے لیے عدالتی نمائندہ بھی مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ 4اگست کوآصف زرداری سمیت14ملزمان پرفرد جرم عائد ہوگی، نیب کراچی آصف زرداری کی عدالت حاضری یقینی بنائے۔
یاد رہے احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی پیشی سے معذرت پر چار اگست کو بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر حکم نامہ جاری کیا تھا ، جس میں آصف علی زرداری سمیت چودہ ملزمان کو چار اگست کو طلب کیا گیا۔
واضح رہے نیب نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں نوڈیرو ہاؤس کےانچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کیا گیا تھا اور ندیم بھٹو سے تفتیش کے بعد آصف زرداری کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں اومنی گروپ کے علاوہ گم نام اکاؤنٹس سے پیسے آتے تھے، پیسوں سے نوڈیرو ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہیں اور کھانے کے اخراجات چلتے تھے، سفری اخراجات، نوڈیرو ہاؤس میں تقریبات کے انتظامات انہی پیسوں سے ہوتے تھے۔