کہتے ہیں کہ دنیا میں ہر نئی آنے والی نسل پچھلی نسل سے زیادہ ذہین ہوتی ہے۔ ایک ہی گھر میں موجود بچوں میں سے بھی چھوٹا بچہ اپنے بڑے بہن بھائیوں کی نسبت زیادہ چالاک اور سمجھدار ہوتا ہے۔
ایسی ہی کچھ کہانی ہالی ووڈ کی نئی اینی میٹد فلم ’دا باس بے بی‘ کی ہے جس کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
فلم ایک 7 سالہ بچے کی کہانی ہے جس کے ماں باپ ایک ننھا بچہ گود لیتے ہیں۔
سوٹ بوٹ میں ملبوس یہ بچہ نہ صرف اپنے ساتھ بریف کیس لیے گھومتا ہے بلکہ بہت تیزی سے باتیں بھی کرتا ہے اور اپنے آپ کو کسی باس سے کم نہیں سمجھتا ہے۔
یہ اپنے آس پاس موجود بچوں کو جمع کر کے انہیں احساس دلاتا ہے کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہوتا ہے اور انہیں اپنی زندگی بدلنے کے لیے کچھ کرنا چاہیئے۔
ٹریلر میں فلم کی کہانی اور فطری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نہایت دلچسپ مناظر تخلیق کیے گئے ہیں۔
جیسے ایک منظر میں باس بے بی اپنی سیکریٹری (ایک اور ننھی بچی) کو میٹنگ کے پوائنٹس دوبارہ پڑھنے کو کہتا ہے۔ لیکن جب وہ بچی اپنا لکھا ہوا اسے دکھاتی ہے تو وہ آڑی ترچھی لکیروں کے سوا کچھ بھی نہیں ہوتا کیونکہ اتنی چھوٹی بچی کچھ پڑھ یا لکھ ہی نہیں سکتی۔
اسی طرح ایک منظر میں باس دوسرے بچوں سے پوچھتا ہے کہ انہوں نے اب تک اپنی زندگی میں کیا سیکھا تو وہ جواب دیتے ہیں، ’اے بی سی ڈی‘۔
فلم کے ہدایتکار ٹام مک گریتھ ہیں جو اس سے پہلے اینی میٹد سیریز مڈغاسکر اور شرک کا تیسرا حصہ تخلیق کر چکے ہیں۔
فلم دا باس بے بی 31 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔