لندن : برطانیہ میں کروناوائرس مزید پھیلنے لگا، جان لیوا مرض کی وجہ سے ایک اور کلینک بند کرنا پڑا، مریضوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں کروناوائرس کے باعث ایک اور کلینک بند کر دیا گیا جبکہ اس مہلک وائرس کے مریضوں کی تعداد 9ہوگئی، مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی شہر آکسفورڈ میں قائم جیل میں بھی کروناوائرس کے پہنچے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جس کے پیش نظر 2 قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے، ایک قیدی تھائی لینڈ سے آیا تھا۔
دوسری جانب برطانوی محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ اب تک برطانیہ میں 1358افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، برطانیہ میں اب تک 9 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، متعلقہ ادارے وائرس پر قابو پانے کے لیے متحرک ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت برطانیہ نے کرونا وائرس کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کرونا سے متاثرہ افراد کو جبراً علیحدہ رکھنے کے خصوصی اختیار کا اعلان کردیا ہے جبکہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ چین میں مہلک کرونا وائرس سے اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مختلف اور مؤثر اقدامات کے باوجود وائرس کی ہلاکت خیزی پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔