الیکشن کمیشن سندھ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سےتمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس کے مطابق پولنگ اسٹیشنز میں تمام پولنگ ایجنٹس کو نتائج کی کاپیاں فراہم کی جائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارم 11 اور 12 کی عدم فراہمی کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے خبردار کیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے مکمل نتائج ہمیں ایک گھنٹے میں فراہم نہ کیے گئے تو شہر بھر میں دھرنے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ہر قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی اور اب الیکشن کے نتائج دینے میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر او اور آر اوز ہوتے کون ہیں جو نتائج نہیں دے رہے، ہم اپنے مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دیں گے، ایک گھنٹے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔