اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کے کندھوں سے بوجھ کم کرنے کے لیے ریلیف دے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے کندھوں سے بوجھ کم کرنے کے لیے ریلیف دے گی، یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے ذریعے 10 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 2 ہزار یوتھ اسٹورز بھی یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے ذریعے کھولیں گے، یوتھ اسٹورز سے نوجوانوں کو روزگار کےمواقع ملیں گے، یوتھ اسٹورز کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعےسرمایہ دیاجائے گا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورملک بھر میں چھوٹے ہوٹلز کو کنٹرول ریٹ پر اشیا دیں گے، راشن کارڈ کا اجرا رمضان سے پہلے کر دیا جائےگا، راشن کارڈ سے مستحق افراد کو 25 سے 30 فیصد رعایت دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے چینی کی درآمد پر پابندی اٹھالی، چینی کی برآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، دالوں کی درآمد پر ٹیکس ختم کرنے کاجائزہ لیاجا رہا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کے معاہدے عوام کو سانپ کی طرح ڈس رہے ہیں، حکومت نے ان معاہدوں کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، معاہدے پبلک کر کےعوام کوحقائق سےآگاہ کیا جاسکےگا۔