منگل, دسمبر 3, 2024
اشتہار

’آئی ایم ایف نے مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرا دی‘

اشتہار

حیرت انگیز

وزارت خزانہ نے وزیر خزانہ کے دورہ امریکا کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ امریکا میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف عہدیدار کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا اور معیشت کو مستحکم، پائیدار اور بحالی کیلیے حکومتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کیلیے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور آئی ایم ایف کی جانب سے مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

- Advertisement -

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈٓار نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون، غیر معمولی تباہ کن سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر صدر عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب سے درپیش سماجی واقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مل کر کام کریں گے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رائسر سے بھی ملاقات کی اور ان کے دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے نے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد کی۔

نائب صدر عالمی بینک نے کہا کہ عالمی بینک مشکلات میں قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے وفد کے ہمراہ دورہ امریکا میں ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت، ریٹنگ ایجنسیوں سے ملاقاتیں کیں اور سالانہ اجلاسوں کے دوران منعقد ہونے والی کئی تقریبات میں شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں