لاہور: قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈکوچ ڈیوڈ ہیمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 18اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈیوڈ ہیمپ کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے جو اٹھارہ اکتوبر کو ملک واپس آنے کے بعد اپنی ذمے داریاں نبھائیں گے۔
اپنے تازہ بیان میں ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کاٹیلنٹ ہے، کارکردگی میں تسلسل اور کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتری لانا چاہتا ہوں، پاکستان کو دنیا کی چار بہترین خواتین ٹیموں میں دیکھنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے موقع فراہم کرنے پر خوش ہوں: ڈیوڈ ہیمپ
پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ڈیوڈ ہیمپ کی تعیناتی، تقرری کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہے۔
ڈیوڈ ہیمپ گزشتہ پانچ سال سے وکٹورینز ویمنز کرکٹ ٹیم اور آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔