اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 185 ہیلتھ ورکرز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3635 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز کی رپورٹ وزارت قومی صحت کو ارسال کر دی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3635 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 126 ڈاکٹرز، 19 نرسز اور 40 پیرامیڈکس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2173 ڈاکٹرز، 462 نرسز ، 1000 پیرامیڈیکل اسٹاف میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
وزارت قومی صحت کو ارسال کی جانے والی رپورٹ کے مطابق اسپتالوں میں زیرعلاج 246 ہیلتھ کیئر ورکرز کی حالت تسلی بخش ہے،1348 ہیلتھ ورکرز تاحال کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں 35 ہیلتھ کیئر ورکرز تاحال کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے سندھ کے13، کے پی کے 7، بلوچستان کے 5، گلگت بلتستان کے 2 ، پنجاب کے 6 اور اسلام آباد کے 2 ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔
کرونا 24گھنٹے کے دوران مزید 101 پاکستانیوں کی جان لے گیا
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار536 ہوگئی ہے، 24 گھنٹوں میں مزید 101 افراد انتقال کرگئے، تعداد2356 تک جا پہنچی۔