لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد 96 ہے، کرونا مریضوں میں 76 تعداد زائرین کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تفتان سے نئے 1200 زائرین ملتان پہنچ گئے ہیں،نئے آنے والے زائرین کو ملتان قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد 96 ہے، کرونا مریضوں میں 76 تعداد زائرین کی ہے۔انہوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے والوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے والے عملے کو خصوصی پیکج دیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور عملے کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی ہے، 48گھنٹے کے نوٹس پر پنجاب میں 10 ہزار بستر کے اسپتال کی گنجائش ہے،ایکسپو سینٹرمیں فیلڈ اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھی ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 سے 10 ہزار ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھرتی کریں گے، 36دسٹرکٹ میں 36 وزرا کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔