کراچی: ملک بھر میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 9 ہزار 100 روپے ہوگئی۔
دس گرام سونا 686 روپے مہنگا ہوکر 93 ہزار 536 روپے کا ہوگیا،جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 12 ڈالر اضافے سے 1814 ڈالر فی اونس ہے۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر 18 پیسے سستا ہوا، کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 166.58 روپے رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 60 پیسے کم ہو کر 167.10 روپے ہوگئی۔