سندھ حکومت نے چند گھنٹوں میں ہی دفعہ 144 کے نفاذ کے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے سال نو پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے سال نو کے موقع دفعہ 144 نافذ کی تھی اور کمشنر کی جانب سے شہر قائد میں ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹفیکیشن جاری کرتے ہوئے آج شام سے کل تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم اس فیصلے کے کچھ دیر بعد ہی صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے شہریوں کو خوشخبری دی ہے کہ سال نو کے موقع پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی نہیں ہے۔ شہری نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منائیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سال نو کے موقع پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کے نوٹیفکیشن پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہری نئے سال کا جشن منا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی عائد
اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں عوام سے کہا ہے کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی نہیں ہے۔ لوگ نئے سال کا جشن منائیں۔ دفعہ 144 کے تحت صرف ہوائی فائرنگ، سڑکوں کی بندش اور ون ویلنگ پر پابندی ہے کیونکہ عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
Public message by government of sindh : There is no ban on pillion riding on bikes in karachi. People may celebrate New year but it’s humble request no areal firing, no blockages of roads and no one wheeling. Your security is our utmost priority.
— Sharjeel Inam Memon (@sharjeelinam) December 31, 2022