اسلام آباد: سابق فوجیوں کی تنظیم ایکس سروس مین نے پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر آنے والے مسلح افواج کےترجمان کےبیان کی تائید کر دی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا کو جاری کیے گئے ایکس سروس مین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان ہمارے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ویٹرنز کسی بھی کامیاب قوم کا اثاثہ ہوتےہیں، ویٹرنز کوعزت دی جانی چاہیئے اور ان کی رائے کا احترام بھی کرنا چاہیے۔
ایکس سروس مین کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کے بیانیے میں ویٹرنز کی بھر پور ترجمانی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف کسی صورت غدار نہیں ہوسکتے، پاک فوج
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت پر افواج پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے پر افواج پاکستان میں غم و غصہ اور اضطراب ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف آرمی چیف رہ چکے ہیں، مشرف چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف رہ چکے ہیں، انہوں نے 40 سال سے زائد پاکستان کی خدمت کی۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پرویز مشرف نے ملکی دفاع کے لیے جنگیں لڑی ہیں، پرویز مشرف کسی صورت غدار نہیں ہوسکتے، کیس میں آئینی و قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔