کراچی: فلاحی ادارے الخدمت کے آر او پلانٹ میں چوری کی واردات ہوئی ہے، چور پلانٹ کی مشینری لے اڑے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لٹیروں نے فلاحی ادارے کو بھی نہ بخشا، لیاری، بہار کالونی میں الخدمت کے تحت لگائے گئے آر او پلانٹ میں بھی چوری کی واردات ہو گئی۔
پلانٹ انتظامیہ کے مطابق چور آر او پلانٹ کی مشینری چوری کر کے لے گئے ہیں، چوروں نے رات گئے تالے کاٹے اور الخدمت کے دفتر میں واردات کی۔
دفتر کے عملے کا کہنا تھا کہ چور واٹر پلانٹ کی مشینری اور امدادی سامان بھی ساتھ لے گئے، علاقہ مکینوں نے اس واردات کو افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ سندھ پولیس کی کارکردگی مایوس کن ہے، لیاری کے عوام کے لیے لگائے گئے پلانٹ کا چوری ہونا پولیس کی نا اہلی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، چوروں کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے، لگتا ہے کوئی نشے کا عادی شخص پانی کی موٹر اور دیگر اشیا لے کر گیا ہے۔