اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد انتشار پھیلا کر ملک کو کمزور کرنا ہے، عمران خان اور براہمداغ بگٹی میں کوئی فرق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن رہنما اور سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کی احتجاج کی کال کو مسترد کر کے تحریک انصاف کے تاریک مستقبل پر مہر ثبت کر دی ہے۔
مشاہد اللہ خان کا مہنا تھا کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے خیبر پختون خواہ کے صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے نہ صرف یہ کہ اسلحہ ملا بلکہ آنسو گیس کے شیل بھی بر آمد ہوئے تھے جس کے گواہ میڈیا کے ذریعے لاکھوں عوام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی وزیر کی گاڑی میں اسلحہ لائسنس یافتہ تھا اور ان کے محافظ کے زیر استعمال تھا تو موصوف پولیس اسٹیشن کا کے لائسنس جمع کرائیں محافظوں کو سامنے لائیں اور اسلحہ واپس لے جائیں۔
مشاہد اللہ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا نام لیے بغیر کہا کہ پنڈی والے نے دعویٰ کیا تھا کہ لال حویلی میں عوام کا سمندر ہوگا لیکن نہ تو سمندر آیا اور نہ ہی انقلاب آیا بلکہ وہ خود موٹر سائیکل پر منہ چھپاتے پِھر رہے تھے۔
سینیٹر مشاہد اللہ نے پانامہ کیس میں سینیٹ پر اپنی تقریر پر ہونے والے اعتراض کے جواب میں کہا کہ خود کو جمہوری پارٹی کہنے والے میری ایک تقریر بھی برداشت نہ کرسکے،انہوں نے وضاحت کیا کہ پاناما لیکس میں چوہدری نثار کا نہیں رحمان ملک کا نام ہے۔