بھارت کی ریاست تلنگانہ میں گھر لوٹنے والے چور نے پکڑے جانے کی صورت میں شہریوں کے تشدد سے بچنے کیلیے انوکھی حرکت کر ڈالی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عجیب و غریب واقعہ شہر حیدر آباد میں پیش آیا جہاں چور گھر کا صفایا کرنے میں مصروف تھا کہ اچانک گھر کا مالک آ پہنچا۔
مالک نے جیسے ہی چور کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ فرار ہو کر باہر نکل گیا۔ گھر کے مالک کے شور مچانے کے بعد علاقہ مکین بھی ملزم کو پکڑنے کیلیے آگئے۔
متعلقہ: مسجد سے جوتے چوری کر کے آن لائن بیچنے والا چور پکڑا گیا
چور نے موقع پاتے ہی ایک تالاب میں چھلانگ لگا دی، وہ تالاب کے درمیان پتھر پر بیٹھ گیا اور علاقہ مکین دیکھتے رہ گئے۔ اس دوران پولیس کو اطلاع کی گئی۔
پہلے تو پولیس نے ملزم کو سرنڈر کرنے کو کہا لیکن اس نے انکار کر دیا، پھر رات دیر تک اسے تالاب سے نکالنے کی کوشش کی اور بالآخر گرفتار کر لیا۔
گرفتاری سے قبل چور نے مطالبہ کیا تھا کہ میں اسی صورت میں باہر آؤں گا جب میری بات ریاست کے وزیر اعلیٰ سے کروائی جائے گی۔ اس نے اپنی میڈیا کوریج کا بھی مطالبہ کیا تھا۔