تازہ ترین

سفر پہ نکلنے سے قبل یہ اشیا اپنے ساتھ لازمی رکھیں

سفر کرنا یوں تو خوشگوار تجربہ اور زندگی کے خوبصورت لمحات میں سے ایک ہوتا ہے لیکن اگر سفر کی درست منصوبہ بندی نہ کی جائے تو یہ تجربہ ہولناک بھی ہوسکتا ہے۔

سفر کرنے سے قل کچھ ضروری اشیا کو اپنے ساتھ ضرور رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے آسانی سے نمٹا جاسکے۔

پاسپورٹ کی فوٹو کاپی

بین الاقوامی سفر کا تصور پاسپورٹ کے بغیر ممکن ہی نہیں تاہم بیشتر افراد پاسپورٹ ہی رکھنے پر اکتفا کرتے ہیں اور وہ احتیاطی طور پر اس کی کوئی اضافی کاپی اپنے ہمراہ نہیں رکھتے۔

سفر پر جانے سے قبل پاسپورٹ کی ایک سے زائد فوٹو کاپیاں الگ الگ سفری بیگوں میں رکھ لیں، اگر سفر کے دوران اصل پاسپورٹ گم ہو جائے تو اس صورت میں آپ اپنے ملک کے سفارت خانے میں فوٹو کاپی دکھا کر پاسپورٹ کی نقل حاصل کر سکتے ہیں۔

بجلی کا پلگ

مختلف ممالک میں بجلی کے پلگ کے ساکٹ مختلف استعمال ہوتے ہیں، اس لیے اپنے ہمراہ ایسے پلگ رکھیں جو متعدد طریقوں سے استعمال ہو سکے۔

مثال کے طور پر کہیں دو پنوں والا ساکٹ ہوتا ہے جبکہ کہیں تین پن والا، اس لیے اس امر کا خیال رکھیں کہ آپ کے پاس ایسا ملٹی پلگ اڈاپٹر ہو جس سے آپ اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ وغیرہ کو چارج کر سکیں۔

عالمی انشورنس پالیسی

سفر کے دوران کسی بھی نوعیت کا طبی مسئلہ پیش آنے پر یہ ضروری ہے کہ آپ کے پاس انٹرنیشنل میڈیکل انشورنس پالیسی ہو۔

کارآمد پالیسی نہ ہونے کی صورت میں آپ کو طبی ضرورت پڑنے پر اسپتال کا ہوشربا بل پریشان کر دے گا، اگر کارآمد انشورنس پالیسی ہو تو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

آرام دہ جوتے

اپنے سفری سامان میں ایسے جوتے ضرور رکھیں جنہیں استعمال کرنے پر آپ کے پاؤں زخمی نہ ہوں، کیونکہ سیاحتی سفر میں کتنا پیدل چلنا پڑ سکتا ہے اسے مدنظررکھنا ضروری ہے، آرام دہ جوتے ہونے کی صورت میں پیدل چلنے میں کسی قسم کی دشواری نہیں ہوگی۔

مقامی کرنسی

جس ملک میں آپ کا ٹرپ ہو وہاں کی کرنسی اپنے پاس ضرور رکھیں کیونکہ بعض اوقات غیر ملکی کرنسی قبول نہیں کی جاتی، اس صورت میں آپ کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کیمرہ

اپنے سفر کو یادگار بنانے کے لیے کیمرے کو فراموش نہ کریں، اگرچہ فی زمانہ موبائل فون کیمروں سے لیس ہیں۔ کیمرے والا فون نہ ہو تو اس صورت میں اپنے ہمراہ کیمرہ ضرور رکھیں۔

Comments

- Advertisement -