پاکستان نے مسلسل تیسرے میچ میں ویسٹ انڈییز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔
ملتان میں کھیلے گئے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے 269 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین 60 اور کیسی کارٹی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4، حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں قومی ٹیم نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر269 رنز بناسکی، شاداب خان 86 اور امام الحق 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کیلئے 85 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر فخر زمان 35 رنز بنا کر پوران کی گیند پر بولڈ ہوئے،
شاندار اوپننگ شراکت کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑاگئی اور ویسٹ انڈین کپتان پوران نے مڈل آرڈر کا صفایا کردیا، بابر اعظم صرف ایک رن بنا کر 88 رنز پر پویلین لوٹے۔ امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر پویلین لوٹ گئے، بعد ازاں محمد حارث اور رضوان بالترتیب 113 اور 117 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
117 رنز پر پانچ وکٹیں کھونے کے بعد شاداب خان اور خوشدل شاہ نے سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، 33 ویں اوور میں تیز آندھی کے باعث کھیل کو روک دیا گیا، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو 48 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
خوشدل شاہ اور شاداب خان کے درمیان 84 رنز کی شراکت قائم ہوئی، خوشدل شاہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نواز بھی خاطر خواہ اسکور نہ بناسکے اور آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 269 تک پہنچا دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 4، کیمو پال نے 2، اکیل حسین، ہیڈن والش اور جیڈن سیلز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔