اسلام آباد : پاکستان میں رواں سال کا تیسرا پولیو کیس سامنے آگیا، پولیو کیس سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے رپورٹ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں رواں سال کا تیسرا پولیو کیس ضلع لاڑکانہ سےرپورٹ ہوا، این ای او سی نے بتایا کہ متاثرہ کیس میں وائلڈ پولیو وائرس ون کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ای او سی کا کہنا تھا کہ رواں سال سندھ سے 2 اور کے پی سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سال 2024 میں ملک بھرسے 74 کیس رپورٹ ہوئے تھے، جن میں خیبرپختونخوا سے 22 ، بلوچستان سے27 ، سندھ سے23 ، پنجاب سے ایک اور اسلام آباد سے ایک کیس سامنے آیا تھا۔
یاد رہے ملک کے 8 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، ذرائع وزارت صحت کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، رواں سال یہ تیسری بار ماحولیاتی نمونے پولیو پازیٹو نکلے ہیں۔
سیوریج لائنز کے سیمپلز میں وائلڈ پولیو وائرس ون پایا گیا ہے، ٹیسٹ کے لیے سیوریج سے سیمپلز 15 تا 24 جنوری لیے گئے تھے، بلوچستان سے 5 اور کے پی کے سئ 3 اضلاع کے سیمپلز پولیو پازیٹیو نکلے ہیں۔