سری نگر: مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے ضلع کلغام میں فائرنگ کر کے طالب علم کو شہید کردیا۔
وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کے مطابق بھارت نے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، بھارتی فوج نے ضلع کلغام کے علاقے بدرو یاری پورہ میں طالب علم کو شہید کردیا۔
شہید طالب علم کی شناخت انجینیئر مزمل احمد کے نام سے ہوئی، حریت پسند خواتین اور مردوں نے نوجوان کے نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے ایک بار پھر پاکستانی پرچم کے ساتھ آزادی کے نعرے بلند کیے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوجوان کے جنازے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہزاروں افراد کی موجودگی میں جنازہ آخری آرام گاہ کی جانب رواں دواں ہیں اور بیٹے کے جسد خاکی کے پاس بیٹھی ماں اپنے دوپٹے سے ہوا جھل رہی ہے۔
وفاقی وزیرخارجہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’آزادی اور سبز ہلالی پرچم کی محبت میں مائیں اپنے لال نچھاور کررہی ہیں، ان ماؤں کے حوصلوں کو سلام‘۔
ویڈیو دیکھیں
آزادی اور سبز ھلالی پرچم کی محبت ۔۔مائیں لال نچھاور کر رھی ھیں ۔۔ سلام کشمیر ی ماوں اور جواں حوصلوں کو ۔۔اللہ اکبر pic.twitter.com/Tl4dP02WKN
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 15, 2017
یاد رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ برس حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کو شہید کردیا تھا جس کے بعد سے مقبوضہ وادی میں صورتحال کنٹرول میں نہیں آسکی، کشمیریوں کی جانب سے مظالم کے خلاف مظاہرے کیے جاتے ہیں تو بھارتی فوج نہتے عوام پر پیلٹ گنز کا استعمال کرتے ہیں جس کے باعث اب تک سیکڑوں نوجوانوں کی بینائی متاثر ہوچکی ہے۔