کراچی: محرم الحرام کے دوران اینٹی انکروچمنٹ پولیس کیلئے بھی تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا، اہلکاروں کو خاص ہدایات جاری کردی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی ایس پی طارق اسلام نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انچارج سمیت کوئی اہلکار اکیلا کسی سرکاری ڈیوٹی پر نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے، کراچی میں سرکاری آفیشلز کو نشانہ بنانے کا امکان ہے۔
تمام سرکاری کارروائیاں پولیس موبائل میں کی جائیں، جبکہ ڈیوٹی کے دوران یونیفارم کا استعمال کیا جائے، کوئی اہلکار گھر سے دفتر آتے یا واپس جاتے ہوئے یونیفارم یا جوتے نہ پہنے۔
تھریٹ الرٹ اینٹی انکروچمنٹ ایس ایچ اوز کو جاری کیا گیا ہے، ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محرم الحرام میں سیکیورٹی کے پیش نظر رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے سلسلے میں سندھ سمیت کراچی میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا، ترجمان نے بتایا کہ فلیگ مارچ کراچی سپر ہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن میں کیا گیا۔
اورنگی ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن، شاہراہ فیصل، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن، صدر ٹاؤن اور جمشید ٹاؤن ودیگر علاقوں میں بھی فلیگ مارچ کیا۔
حیدر آباد، جامشورو، دادو، میر پور خاص، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، سنجرو، کنڈیارو، بدین، ٹھٹھہ اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی فلیگ مارچ کیا گیا۔
کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، محرم کے جلوس پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا دہشت گرد گرفتار
فلیگ مارچ کے دوران اہم امام بارگاہوں اور جلوس کی گزر گاہوں کا معائنہ بھی کیا گیا تاہم شہر کے داخلی اور خارجی راستوں میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔