جمعرات, جنوری 16, 2025
اشتہار

لائیو: گرفتاری کا خطرہ، عمران خان نے اہم پیغام جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

23:59 (LIVE UPDATE ENDED)

نواز شریف کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے خوف سے عمران خان سرکس لگائے بیٹھا ہے، اس کی جگہ رتی بھر بہادری رکھنے والا شخص ہوتا تو بزدلی کا دھبہ لگوانے کی بجائے سیاست چھوڑ دیتا۔

23:03

- Advertisement -

عمران خان نے الجزیرہ انگلش ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں ذہنی طور پر تیار ہوں کہ مجھے آج رات گرفتار کیا جا سکتا ہے، رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے جیسے میں کوئی بڑا دہشتگرد ہوں، کل صبح تک کا انتظار کر رہے ہیں پھر وکلا عدالت میں وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کریں گے۔

23:00

پولیس کینال روڈ سے واپس چلی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے نعرے لگائے۔ زمان پارک کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

22:30

لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے لبرٹی چوک ایک بار پھر بند کر دیا۔ کارکنوں نے لبرٹی چوک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔

21:57

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے بیانات کھلی قتل کی دھمکیاں ہیں، عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے، پولیس کو سرنڈر کرنا رانا ثنا اللہ کی دھمکیوں کے بعد خود کو قاتلوں کے حوالے کرنا ہے۔

20:03

اسلام آباد پولیس کے مطابق پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے ڈی آئی جی آپریشنز سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے، پتھراؤ عمران خان کے گھر کی چھت سے کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پتھراؤ کے باوجود پولیس نے انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز کیا، ڈی آئی جی آپریشنز کی جگہ ایس پی رانا حسین طاہر نے چارج سنبھال لیا جبکہ ایس ایس پی آپریشنز لاہور شعیب اشرف اور ایس پی سرفراز ورک موقع پر موجود ہیں

19:40

پی ٹی آئی نے عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں 6رکنی ایمرجنسی کمیٹی بنا دی جو پارٹی معاملات دیکھے گی۔ کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، سینیٹر سیف اللہ نیازی، اعظم سواتی، اعجاز چوہدری، مراد سعید اور علی امین گنڈاپور شامل ہیں۔

18:39

عمران خان کی گرفتاری کیلیے پولیس نے زمان پارک کا محاصرہ کرلیا۔ پولیس کے ڈنڈا بردار تازہ دستوں نے پوزیشن سنبھال لی۔ کینال روڈ پر پریزن وینیں پہنچا دی گئیں، اب تک 5 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

18:26

عمران خان کی رائشگاہ کے اطراف مسلسل ہیلی کاپٹر پرواز کر رہے ہیں جبکہ زمان پارک کے باہر شدید شیلنگ جاری ہے۔

18:19

ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کے مختلف مقدمات میں نامزد رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ ہے جبکہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں دفعہ 144 بھی نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

17:40

عمران خان کی رائشگاہ زمان پارک اور اطراف میں انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئیں۔ سابق وزیر اعظم کے گھر کے اندر بھی شیلنگ شروع کر دی گئی۔

17:29

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر کر دی گئی۔ کچھ ہی دیر میں چیف جسٹس ہائی کورٹ سماعت کریں گے۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت پہنچ گئے۔ اسد قیصر اور شبلی فراز بھی موجود ہیں۔

17:27

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنی گرفتاری کے خطرے کے پیشِ نظر کارکنوں کیلیے اہم پیغام جاری کر دیا۔

عمران خان نے کہا کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے آگئی ہے، ان کا خیال ہے کہ میں جیل گیا تو قوم سو جائے گی، آپ نے اس حکومت کو غلط ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور نبیﷺ کی امت ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قوم نے اپنی حقیقی آزادی کیلیے جدوجہد کرنی ہے اور نکلنا ہے، مجھے اللہ نے سب کچھ دیا ہے میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، میں نے ساری زندگی یہ جنگ لڑی ہے اور لڑتا رہوں گا۔

متعلقہ: ’عمران خان گرفتاری دے سکتے ہیں‘

انہوں نے کہا کہ یہ مجھے جیل میں ڈالتے ہیں یا مار دیتے ہیں تو آپ نے ثابت کرنا ہے عمران خان کے بغیر بھی یہ قوم جدوجہد کرے گی، قوم چوروں کی بدترین غلامی کو کبھی نہیں قبول نہیں کرے گی۔

17:27

زمان پارک کے قریب ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری پتھراؤ میں زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ایمبولینس میں بٹھا کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

16:59

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں بتایا کہ عمران خان امن کو ترجیح دیں گے اور وہ گرفتاری بھی دے سکتے ہیں، عمران خان سے مشاورت کیلیے اندر جا رہا ہوں، ہماری سمجھ کے مطابق گرفتاری نہیں ہو سکتی کیونکہ عمران خان کے پاس حفاظتی ضمانت موجود ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کی کارروائی بوکھلاہٹ اور کل کی ریلی کا نتیجہ ہے، آج کی کارروائی بلاجواز ہے، اگر 18 تاریخ کو کیس ہے تو ہم پیش ہونے کو تیار ہیں، ہم ان کی ساری چالوں کو سمجھ رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں