کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق مزید 3بچوں اور خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی، جاں بحق افراد کی شناخت دانتوں کے ذریعے ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ڈی این اے کے ذریعے شناخت کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جارہا ہے۔
اب تک 60 سے زائد میتوں کو شناخت کے بعد ان کے پیاروں کے حوالے کیا گیا ہے، ایدھی سرد خانے میں 20 سے زائد ناقابل شناخت میتیں موجود ہیں جنہیں ڈی این اے کے ذریعے شناخت کرکے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
اتوار کے روز طیارہ حادثے میں جاں بحق مزید 3 بچوں اور خاتون کی شناخت کر لی گئی، صدیق پولانی، آمنہ، نیلم اور برکت کی شناخت دانتوں سےہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: طیارہ حادثہ؛ میتوں کی شناخت اور حوالگی کے ایس او پیز جاری
جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ حادثے میں مرنے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور سوختہ میتوں کی تشخیص آئندہ 48گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت کا عمل انتہائی پیچیدہ ہے، مسافروں کی سوختہ لاشوں کا عمل سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری جامعہ کراچی کے تحت کیا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق چوبیس گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں بیس سائنسی ماہرین اور رضا کار شامل ہیں، ایس ایف ڈی ایل کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک ایس ایف ڈی ایل کوحادثے کا شکار مسافروں کے لواحقین کے(67)نمونے موصول ہوئے ہیں جن میں سے 69 نمونے پولیس نے فراہم کیے۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔