کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب روڈ میں گھر سے تین بہن بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں گھر میں گھس کر تین بچوں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی عمریں 5 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، بچوں کی شناخت حسنین احمد، اقصیٰ اور زین العابدین کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ایک 6 سال کی بچی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ خون زیادہ بہہ جانے کے باعث بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت والدین گھر پر موجود نہیں تھے، پولیس نے شک کی بنیاد پر ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں: کبیر والا میں گھر سے تین بچوں کی لاشیں برآمد
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پنجاب کے ضلع خانیوال کے ٹاؤن کبیر والا میں گھر سے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 9 سال کی فاطمہ، 5 سال کی دعا اور 6 سال کا عبدالرحمان کے ناموں سے ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کے والد کا اہلیہ سے جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے بعد بیوی بچوں کو چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں۔