کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کے کھلے جنگل میں ایک شخص کو درندے کو پیار کرنے کی کوشش نہایت مہنگی پڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے ایک وائلڈ لائف پارک کے اندر درندے کو پیار کرنے کا بھیانک انجام نکل آیا، ایک شخص نے شیرنی کے سر پر پیار سے سہلانا چاہا اور پھر وہ ہوا جس کا اس نے سوچا بھی نہیں تھا۔
جب پیٹر نامی شخص وائلڈ پارک میں شیرنی کے سر پر پیار سے ہاتھ پھیر رہا تھا، تو اس وقت اس کی بیوی اس منظر کو موبائل کیمرے میں قید کر رہی تھی، لیکن پھر جو ہوا، اسے دیکھ کر بیوی کی بھی چیخیں نکل گئیں۔
اکثر لوگ جانوروں کو پیار کرتے ہیں، لیکن کچھ لوگ جنگلی درندوں کو بھی پیار کرنے کی جرات کر لیتے ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص شیر کے سر پر مزے سے ہاتھ پھیر رہا ہے۔
پیٹر نامی شخص نے وائلڈ لائف پارک میں لوہے کی باریک جالی میں ہاتھ ڈال کر شیر کے سر پر ہاتھ پھیرنا شروع کیا، شیر کو شاید انسان کے ہاتھ کا لمس اچھا لگا، اس لیے اس نے کچھ نہیں کہا، لیکن پھر وہاں شیرنی آ گئی، پیٹر نے اس کے بعد شیرنی کے سر پر بھی ہاتھ پھیرنے کی کوشش کی۔
They never learn pic.twitter.com/KDtWPRYrCr
— African (@ali_naka) April 10, 2019
لیکن پیٹر کو ایسا کرنا بہت ہی مہنگا پڑ گیا، شیرنی نے ایک دم سے پیار کے لیے بڑھنے والا اس کا ہاتھ جبڑوں میں جکڑ لیا اور اسے بھنبھوڑنے لگی، اس منظر کی موبائل سے ویڈیو بنانے والی بیوی کے ہاتھوں کے طوطے بھی اڑ گئے اور وہ ویڈیو بنانا بھول گئی اور چیخنے چلانے لگی۔
پیٹر نے جلدی سے جال پکڑ کر اپنا ہاتھ شیرنی کے منہ نکالنے کی جدوجہد شروع کی اور یہ اس کی خوش قسمتی کہ جلد ہی اس کا ہاتھ شیرنی کے جبڑوں سے آزاد ہو گیا لیکن ذرا دیر میں وہ لہو لہان ہو چکا تھا۔
واقعے کے بعد پیٹر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔