گوجرانوالہ : کالعدم تنظیم کے کارکنان کے پتھراؤ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 8 تک پہنچ گئی جبکہ مشتعل مظاہرین نے درجنوں اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سادھوکی میں کالعدم تنظیم کے کارکنان کی پیش قدمی روکنے کے بعد مظاہرین مشتعل ہوئے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق تحریک لبیک کا احتجاج شروع ہونے سے اب تک 5 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں، مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑیاں بھی جلائی گئیں۔
وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بتایا کہ آج تین اہلکار شہید ہوئے جبکہ 70 کے قریب زخمی ہوئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کے مطابق کارکنوں نے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنایا، اہلکاروں میں ایس ایس پی اور سینئرپولیس اہلکاربھی شامل ہیں۔ مظاہرین نے پولیس کی متعدد گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
یاد رہے کہ حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ٹی ایل پی قیادت نے قافلہ مرید کے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد لے جانے کا اعلان کیا، مظاہرین کی پیش قدمی شروع ہوئی تو پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور لاٹھی چارج کیا۔ لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے بعد پولیس نے شیلنگ بھی کی۔