جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

عقل داڑھ میں درد ہے، تو یہ گھریلو ٹوٹکے آزمائیں

اشتہار

حیرت انگیز

اگر عقل داڑھ میں درد ہے تو اس کے لیے کسی اچھے ڈینٹسٹ سے رجوع کریں مگر اس سے قبل درد کم کرنے کے لیے یہ گھریلو ٹوٹکے آزمائیں۔

درد دانت کا ہو یا عقل داڑھ کا بعض صورتوں میں انتہائی ناقابل برداشت ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے وہ کچھ کھا پی بھی نہیں پاتے۔

ہم یہاں آپ کو وہ گھریلو ٹوٹکے بتارہے ہیں جس کے لیے آپ کو کوئی خاص جستجو کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ ہر گھر کے باورچی خانے کی ضرورت اور ریفریجریٹر میں موجود ہوتے ہیں، جس سے آپ دانت کے درد کی شدت کم کرسکتے ہیں لیکن یہاں یہ بتانا ضروری ہے یہ ٹوٹکے آپ کی تکلیف کا مستقل مداوا نہیں ہیں۔

عقل داڑھ میں درد ہونے کی صورت میں آپ کو کسی اچھے ڈینٹسٹ سے رجوع کرنا چاہیے، لیکن اس سے قبل درد کی شدت کم کرنے کے لیے آپ یہ گھریلو ٹوٹکے استعمال کرکے کچھ آرام حاصل کرسکتے ہیں۔

مزیدار آئسکریم اور برف

عقل داڑھ میں درد ہے اور ساتھ سوجن بھی تو اس کا تدارک ہے خوش ذائقہ آئسکریم، نام سنتے ہی آپ کے منہ میں پانی آگیا لیکن اگر آپ دانت یا داڑھ میں درد کی تکلیف میں مبتلا ہیں تو خوب آئسکریم کھائیں اور اس کے ساتھ ساتھ برف کے ٹکڑے سے متاثرہ جگہ کی ٹکور کریں جس سے درد اور سوجن میں آرام ملے گا، ڈاکٹر بھی یہی مشورہ دیتے ہیں۔

نمک ملا پانی

جن کو میٹھا یا آئسکریم پسند نہیں لیکن وہ داڑھ کی تکلیف سے نجات چاہتے ہیں تو نمک کو پانی میں گھول کر اس کے غرارے کریں جس سے عقل داڑھ میں ہونے والے درد اور نکلنے والے خون میں کمی ہوسکے گی، اس عمل سے نہ صرف درد میں کمی آئے گی بلکہ منہ کے جراثیم بھی ختم ہوجائیں گے اس کے لیے نیم گرم پانی کا استعمال کریں۔

لونگ

دانتوں کے درد کو کم کرنے کے لیے لونگ منہ میں رکھنا ایک بہت عام اور آزمودہ نسخہ ہے جو صدیوں سے استعمال کیا جارہا ہے، اگر آپ فوری درد میں آرام چاہتے ہیں تو عقل داڑھ والی متاثرہ جگہ پر ایک لونگ رکھ لیں اور اس کا عرق اچھی طرح دانتوں میں جانے دیں یا پھر لونگ کا تیل روئی کی مدد سے عقل داڑھ پر لگالیں ایسا کرنے سے بھی درد میں آرام آئے گا۔

لہسن

لہسن ہر گھر میں باورچی خانے میں موجود ہوتا ہے جو صرف کھانوں کو ذائقے دار بنانے میں ہی کام نہیں آتا بلکہ جادوئی خصوصیت والے لہسن کے ذریعے دانت کے درد اور انفیکشن سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے، اگر داڑھ میں درد کی وجہ سے سوجن اور انفیکشن ہے تو ایسے میں اینٹی انفلامیٹری اور اینٹی انفیکشن خصوصیات سے بھرپور لہسن کو چبالیں اس سے بھی درد میں افاقہ ہوگا یا پھر پسا ہوا لہسن بھی عقل داڑھ کی جگہ پر رکھنے سے آرام مل سکتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں