تازہ ترین

توشہ خانہ اسکینڈل، عمران خان کی نااہلی ریفرنس پر سماعت ملتوی

توشہ خانہ تحائف اسکینڈل پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی ریفرنس پر سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے ریفرنس کی سماعت کی۔ درخواست گزار محسن شاہنواز رانجھا اور حکومتی اتحاد کے وکیل خالد اسحاق ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

معاون وکیل نے کہا کہ بیرسٹر علی ظفر مصروفیت کے باعث نہیں آ سکے ہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نظر میں عمران خان تاحال ایم این اے ہیں کیونکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کمیشن کو استعفیٰ منظور کرکے نہیں بھجوایا۔ آپ اپنی مرضی کی تشریح نہ کریں۔ جب تک اسپیکر استعفے منظور کر کے نہ بھیجے رکن ڈی نوٹی فائی نہیں ہو سکتا۔

چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی  کردی۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کا ریفرنس پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا سمیت 5 حکومتی اراکین قومی اسمبلی نے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیا ہے۔

بیرسٹر محسن رانجھا کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے ماضی کے گناہوں کو ٹھیک کیا جائے۔ توشہ خانہ سے تحائف لئے اور انہیں ظاہر نہیں کیا گیا۔ عمران خان کو سارے جواب دینے پڑیں گے، وہ بتائیں 10 کروڑ کی گھڑی سستی کیوں خریدی؟

محسن رانجھا نے مزید کہا کہ جب قانون کے آگے سب برابر ہیں تو آئیں الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔ نواز شریف جے آئی ٹی میں بار بار پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان کو بھی ہونا ہوگا۔ عمران نیازی قانون کے احترام کی بات کرتے ہیں تو پیش بھی ہوں۔

Comments

- Advertisement -