منگل, اکتوبر 8, 2024
اشتہار

توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت سماعت کیلیے مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق خاتول اوّل بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلیے مقرر کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کل بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے جس کیلیے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کر دی۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس رواں ہفتے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو کل کی سماعت کیلیے نوٹس جاری کر رکھ ہے۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

توشہ خانہ ٹو ریفرنس کی تفصیلات

سابق وزیر اعظم اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ٹو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا جس کے مطابق بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب پر دیا گیا۔ سیٹ میں ایک انگوٹھی، بریسلٹ، نیکلس اور ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔

بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔ ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کو ایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن سیٹ جمع نہیں کروایا گیا۔

بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار، بالیاں فروخت کی تھیں، 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو، بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی گئی تھیں تاہم کمپنی سے بریسلٹ اورانگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔

جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے۔ سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔

توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کر سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے۔ سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی۔ یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر انکوائری شروع ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے وزارت عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں