ڈیڑھ دن میں ایک دو یا تین نہیں بلکہ 48 ریاستیں گھوم کر 2 دوستوں نے مختصر وقت میں زیادہ ریاستیں گھومنے کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
دنیا گھومنا بہت سے لوگوں کی خواہش ہوتی ہے اور زمانہ قدیم سے موجودہ دور تک کئی نامور سیاح گزرے اور موجود ہیں جو دنیا گھومتے اور پھر اپنے سفر نامے تحریر کرتے ہیں لیکن ہم یہاں آپ کو ایسے دو دوستوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہوں نے سیاحت کا ایسا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو اب تک دنیا میں شاید کسی اور سیاح نے قائم نہیں کیا ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیاحت کا شوق رکھنے والے یہ پائلٹ دوست جان سکیٹون اور رابرٹ رینالڈز ہیں جنہوں نے حال ہی میں صرف 38 گھنٹے 48 منٹ (لگ بھگ ڈیڑھ دن) میں 48 ریاستیں گھوم کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا اور اپنا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا۔
دونوں امریکی دوستوں نے یہ کارنامہ رواں سال 17 سے 19 مئی کے دوران انجام دیا اور متصل 48 ریاستوں کا طیارے سے تیز ترین سفر کرکے آئندہ برسوں تک نہ ٹوٹنے والا یہ عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرانے والے ان دوستوں نے بتایا کہ اس ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے انہیں ہر ایک ریاست میں لینڈ کرنے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ ٹیک آف کرنا پڑا اور ریاست نیبراسکا سے آئیووا اور اوہائیو سے ویسٹ ورجینیا کے درمیان 4 منٹ کا سب سے مختصر سفر طے کیا۔
جان سکیٹون اور رابرٹ رینالڈز یہ عالمی ریکارڈ بنانے کی 4 وجوہات بتائیں جن میں سے پہلی وجہ ان کی ذاتی خواہش تھی کہ وہ ایک ہی سفر کے دوران تمام ریاستوں کا سفر کرکے اپنی زندگی کو رہتی دنیا تک ایک ناقابل فراموش خوب صورت کارنامے کے طور درج کرا سکیں۔
دوسری وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سفر کی وجہ دنیا کو یہ باور کرانا تھا کہ چھوٹے طیارے سے بھی دنیا کا سفر کیا جا سکتا ہے، تیسری وجہ لوگوں کو دنیا دیکھنے کی ترغیب دینا اور چوتھی وجہ دنیا میں سیاحت کو فروغ دینا تھا۔